گورنر سردار سلیم حیدر خان نے گورنر ہائوس میں”78ویں یوم آزادی”کے موقع پر پرچم کشائی کی

197

لاہور۔14اگست (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں”78ویں یوم آزادی”کے موقع پر منعقدہ پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی ۔ تقریب میں ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر، امریکن اور چینی قونصلیٹ کے نمائندوں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے پوری قوم کو 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اپنے آبا ئواجداد کی قربانیوں کی وجہ سے آ ج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاک فوج،پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شہدا ءکو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ ان عظیم سپوتوں کو بھی دل کی عطا گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو سرحدوں پر ہماری حفاظت کے لیے راتوں کو جاگتے ہیں اور ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہدا اور غازی ملک و قوم کا فخر ہیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ آج عہد کرتے ہیں کہ پاکستان کی ترقی کے لیے تمام ترذمہ داریاں پوری کریں گے اور محنت سے ملک میں ترقی اور خوشحالی لے کر آئیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں میڈیا کا کردار بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر ملک کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنا ہے ۔

گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل، چینی اور امریکی قونصلیٹ کے نمائندوں کا یوم آزادی کی خوشیوں میں شریک ہونے پر شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں ندیم پہلوان، چودھری اسلم گل، میاں عزیز الرحمن چن، رانا فاروق سعید، ایڈون سہوترا، صداقت شیروانی، چودھری محمد ریاض، ڈاکٹر عائشہ شوکت، فہیم راہی، عرفان چودھری، انجم بٹ، جہاں آرا وٹو، رانا جمیل منج، امجد جٹ، زاہد ذوالفقار خان، نصیر احمد، علامہ یوسف اعوان، عابد سندھو، خالد گل، ندیم ملک، عارف خان، احسن رضوی، ذیشان شامی سمیت دیگر نے شرکت کی۔