کراچی۔ 29 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے سلطنت عمان کے قونصل جنرل کی سربراہی میں کومیکس کے 5 رکنی وفد نے گورنر ہاوس میں ملاقات کی، وفد میں سی ای او کومیکس عمرو عبداللہ بن صالح بابود، ڈاکٹر عرفان اشرف اور دیگر شامل تھے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور عمان کے درمیان آئی ٹی سیکٹر میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وفد نے گورنر ہاوس میں جاری آئی ٹی کلاسز میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر انیشیٹوز آئی ٹی کا مقصد نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے، گورنر سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان، عمان کے ساتھ آئی ٹی سیکٹر میں تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔
بعد ازاں وفد نے گورنر ہائوس میں جاری آئی ٹی کلاسز کا دورہ کیا اور طلباءکی مہارت کو سراہا، طلباءکی آئی ٹی اسکلز اور تربیت نے وفد کو بے حد متاثر کیا۔ عمان کے قونصل جنرل نے آئی ٹی طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہائوس میں ہزاروں نوجوانوں کو آئی ٹی اسکلز سے روشناس کرانا قابل تعریف ہے۔ سی ای او کومیکس عمرو عبداللہ بن صالح بابود نے آئی ٹی طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمان پاکستانی آئی ٹی ایکسپوٹرز کے لئے بڑی مارکیٹ ہے۔