کراچی۔ 20 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے علمااہلحدیث ومدارس کے مدیران کی علامہ ڈاکٹرعامر عبداللہ کی قیادت میں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق وفد میں شامل علما ءکرام میں عمران احمد سلفی، مولانا مفتی یوسف قصوری، مولانا ڈاکٹر مقبول مکی، مولانا مفتی انس مدنی، مولانا حافظ امجد، مولانا ڈاکٹرافتخار، مولانا امیر عبداللہ فاروقی، مولانا افضل سردار، عرفان شیخ، عبدالحسیب چوہان، علی بن عامر اور دیگر بھی شریک تھے۔
وفد نے گورنر سندھ سے مولانا ضیاءالرحمان کے قاتلوں کی جلد از جلد گرفتاری کی درخواست کی۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے ڈی آئی جی ایسٹ اظفر مہیسر اور ایس ایس پی عرفان بہادر کو ٹیلی فون کیا۔ ڈی آئی جی ایسٹ نے گورنر سندھ کو اب تک ہونے والی تحقیقات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چار سے پانچ روز میں کیس کے حوالے سے بریک تھرو کا امکان ہے ،
گورنر سندھ نے واقعہ میں ملوث مجرمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ گورنر سندھ نے وفد کو بلاک ایل کے پارک کا نام ضیا الرحمان شہید کے نام پر رکھنے کی تجویز دی ، انہوں نے مزید کہا کہ مولانا ضیاء الرحمان کے مدرسہ جامعہ ابی بکرالاسلامیہ گلشن اقبال کا بھی دورہ کروں گا۔ قبل ازیں گورنر سندھ نے مولانا ضیاءالرحمان کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی اور ان کے لواحقین اور شاگردوں سے تعزیت بھی کی۔