کراچی۔ 24 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے گلگت بلتستان کے وزراءکے وفد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔وفد میں صوبائی وزیر قانون و صحت سید سہیل عباس،وزیر خزانہ انجینئر محمد اسماعیل اور صوبائی وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا شامل تھے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں ملک میں سیاحت کے فروغ، سندھ اور گلگت بلتستان کے مابین تعاون میں اضافہ، مختلف شعبوں میں وفود کے تبادلوں اور باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سیاحتی مقامات سے مالا مال گلگت بلتستان کی جنت نظیر وادیاں سیاحوں کے لئے بے پناہ کشش رکھتی ہیں،وہاں کے عوام کی عاجزی اور مہمان نوازی کی مثال نہیں ملتی۔ گلگت بلتستان کے صوبائی وزراءنے عوامی فلاح و بہبود کے لئے گورنر سندھ کے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔