گورنر سندھ عمران اسماعیل کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر فائرنگ اور دستی بم حملہ کا نوٹس

99

کراچی۔29 جون(اے پی پی) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر فائرنگ اور دستی بم حملہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے آئی جی سندھ کو ٹیلی فون کیا اور واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج کو سکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے،اسٹاک ایکسچینج پر حملہ پاکستان کی معیشت پر حملہ ہے – پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے ترجمان کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں حصص کا کاروبار معمول کے مطابق جاری ہے،حصص کی ٹریڈنگ ایک لمحہ کے لئے بھی معطل نہیں ہوئی ،پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا ٹریڈنگ انجن مکمل طور پر آن لائن ہے، ملکی وغیر ملکی سرمایہ کار معمول کے مطابق کاروبار کر رہے ہیں ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ چیئرمین ایس ای سی پی سٹاک ایکسچینج کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطہ میں ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کاروںکے اعتماد کو بحال رکھنے کے لئے تمام اقدامات کئے جائیں گے،سٹاک مارکیٹ حملہ کے بعد حالات کنٹرول میں ہیں ۔ پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قریب فائرنگ اور دستی بم حملے کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر ڈی آئی جی سائوتھ سے تمام تر ضروری پولیس اقدامات پر مشتمل رپورٹ فی الفور طلب کرلی ہے۔