کراچی۔ 10 مارچ (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے چیئرمین کمیونٹی پولیسنگ کراچی مراد سوہنی نے ملاقات کی جس میں گورنر ہاؤس کی سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور روڈ سیفٹی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔جاری اعلامیہ کے مطابق انہوں نے بتایا کہ کراچی میں سڑکوں کی حفاظت کے لئے جدید ٹریفک مینجمنٹ، آگاہی مہم اور دیگر اقدامات کئے گئے ہیں تاکہ حادثات کی تعداد کم ہو اور شہری محفوظ رہیں۔
اس موقع پر مزید بتایا گیا کہ گورنر ہاو س میں آمد و رفت کو محفوظ بنانے کے لئے بھی موبائل پر جدید نمبر پلیٹ ریکگنیشن سسٹم لگایا گیا ہے، جو 30 سیکنڈ میں کسی بھی گاڑی کے جرائم کی شناخت اور فوری رپورٹ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔اس کے علاوہ تلاش ایپ بھی نصب کی گئی ہے، جو بایومیٹرکس کے ذریعہ علاقہ میں مجرمانہ سرگرمیوں اور مشتبہ افراد کا سراغ لگاتی ہے جبکہ جدید کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جو سکیورٹی کی نگرانی کو مزید موثر بناتے ہیں۔
چیئرمین کمیونٹی پولیسنگ مراد سوہنی نے گورنر سندھ کو ٹریفک مینجمنٹ سسٹم اور روڈ سیفٹی کے اقدامات کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر ہو گی اور سڑکوں پر حادثات کی تعداد میں کمی آئے گی۔ گورنر سندھ نے اس جدید سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کی تنصیب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے تحفظ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات کراچی کے شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ان اقدامات سے شہر کراچی سمیت گورنر ہاﺅس کی سیکیورٹی کو مزید مضبوط کریں گے۔