گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا ایران کے سفارتخانے کا دورہ

15
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا ایران کے سفارتخانے کا دورہ

کراچی۔ 03 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کا دورہ کیااورایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی۔جمعرات کو یہاں گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران گورنر سندھ نے اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے ایرانی شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ نے ایرانی سفارتخانے کی تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔ انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف کی جانے والی جارحیت کی شدید مذمت کی۔انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کی صحت و سلامتی کے لیے بھی نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

ایرانی سفیر نے گورنر سندھ کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ رضا امیری مقدم نے وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کی جانب سے مشکل وقت میں ایران کی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔