22.2 C
Islamabad
بدھ, ستمبر 3, 2025
ہومعلاقائی خبریںگورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا چینی قونصلیٹ کا دورہ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا چینی قونصلیٹ کا دورہ

- Advertisement -

کراچی۔ 02 ستمبر (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے چین کے قونصل خانے کا دورہ کیا جہاں قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ (Yang Yundong)اور سفارتی عملے نے ان کا پرجوش خیرمقدم کیا۔ منگل کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ اور قونصل جنرل نے چینی قونصلیٹ کے احاطے میں شجرکاری مہم کے تحت پودا لگا کر ماحول دوستی کا عملی مظاہرہ کیا۔ دونوں رہنمائوں نے ماحولیات کے تحفظ اور شجرکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے یادگاری تختی کی مشترکہ طور پر رونمائی بھی کی۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاروں کو سندھ میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں سرمایہ کاروں کے لیے بہترین مواقع موجود ہیں اور سرمایہ کاری کے مواقع مزید بڑھانے کے لیے حکومت اور متعلقہ ادارے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات آج دنیا کے سامنے ایک بڑا چیلنج ہیں اور ان سے محفوظ رہنے کے لیے شجرکاری مہم کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ گورنر سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل یانگ یون ڈونگ نے کہا کہ پاک چین دوستی ہر دور میں ایک مثال رہی ہے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کا ہر مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم نہ صرف ماحولیات کے تحفظ کے لیے اہم ہے بلکہ یہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط کرنے کا بھی ایک ذریعہ ہے۔ قونصل جنرل نے گورنر سندھ کی جانب سے ماحولیاتی اقدامات کو سراہا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں