گورنر سندھ کا تین سو یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے کرایہ دار افراد کو مفت سولر پینل لگا کر دینے کا اعلان

217

کراچی۔ 16 جون (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے تین سو یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے کرایہ دار افراد کو ان کے گھروں میں مفت سولر پینل لگا کر دینے اور عیدالاضحیٰ کے بعد بیرون ملک روزگار کے لئے گورنر جاب پورٹل بنانے کا اعلان کر دیا۔گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔گورنر سندھ نے کہا کہ اس صوبہ اور شہر میں رہنے والوں کو مرحلہ وار مفت سولر پینل لگا کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک میں نوکریاں موجود ہیں لیکن زبان نہ آنے کی وجہ سے ان نوکریوں پر ہمارے نوجوانوں کو نہیں رکھا جاتا ۔ اب گورنر ہاٶئوس میں چھ ممالک کی لینگویج سکھائی جائیں گی تاکہ ہمارے نوجوان بیرون ممالک نوکریاں حاصل کرسکیں اس ضمن میں عیدالاضحیٰ کے بعد گورنر جاب پورٹل بنایا جائے گا جہاں نوجوان اپنی درخواستیں جمع کروا سکیں گے، اب نوجوانوں کو مختلف ممالک کی لینگویج سکھا کر اسے متعلقہ ممالک کے قونصل خانہ یا سفارتی دفتر کے ذریعہ ان ممالک میں نوکریاں بھی دلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ فارما سوٹیکلز کمپنیوں کے ساتھ مل کر عوام کو ان کی دہلیز پر علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے جا رہے ہیں اس منصوبہ کے تحت ڈاکٹر مریض کو چیک اپ کے بعد اسے مفت ادویات بھی فراہم کریں گے۔ گورنر کامران خان ٹیسوری نے گورنر انیشیٹو کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت گورنر ہاٶس میں آئی ٹی کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے، گورنر ہاٶس کے گیٹ نمبر ایک پر امید کی گھنٹی لگائی جس کے تحت سائلین کے مسائل حل کیے جارہے ہیں جبکہ مفت راشن ڈرائیو کے تحت مستحقین کو راشن بیگز بھی دیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے جو بھی وعدہ کیا وہ اللہ تعالیٰ کی رضا سے پورا کیا، عیدالاضحیٰ کے ایام میں100اونٹ،100بکرے اور بیلوں کی قربانی کریں گے عیدالاضحیٰ کے تینوں دن گورنر ہائوس میں مستحقین میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عید کے دن ہم تمام اسلامی ممالک کے قونصل جنرل کے ساتھ گورنر ہائوس میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کریں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گزشتہ روز حیدرآباد میں ایک بیرون ملک مقیم دوست کے ساتھ سانحہ پریٹ آباد میں شہید افراد کے لواحقین کو20,20لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے جن کی کل مالیت5کروڑ40لاکھ روپے بنتی ہے اور کل ہی میں نے سانگھڑ میں زخمی ہونے والے اونٹ کے مالک کو 2 اونٹ دینے کا اعلان کیا تھا اس ضمن میں کہنا چاہتا ہوں کہ سانگھڑ میں پیش آنے والا یہ واقعہ افسوس ناک ہے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ہمیں بھرپور اقدامات اٹھانے چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ ہم نے گورنر ہائوس کے دروازے عام لوگوں کے لئے کھول دیئے ہیں۔