گورنر سندھ کا سول سپتال کا دورہ،بچوں کی ایمرجنسی کے لئے 50 بستر اور ایک وینٹی لیٹر دینے کا اعلان

112

کراچی۔ 20 جنوری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے رات گئے سول اسپتال کا دورہ کیا،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بخاری نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے مریضوں اور تیمارداروں سے ہسپتال میں موجود سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کی طرح یہاں بھی سہولیات کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔کامران خان ٹیسوری نے سول ہسپتال کی بچوں کی ایمرجنسی کے لٸے 50 بستر اور ایک وینٹی لیٹر دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے عوام کی خدمت جاری رکھوں گا،ہسپتالوں کے دورے کا مقصد بھی مریضوں کے مسائل سے ذاتی طور پر آگاہ ہونا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عام افراد کو ہیلتھ انشورنس کی سہولت فراہم کی جائے، تاکہ وہ کسی اچھے اسپتال میں علاج کروا سکیں۔بحیثیت گورنر عوام کے مسائل کے حل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔