کراچی۔ 29 مئی (اے پی پی):گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کی زیر صدار ت گورنرہائوس میں پی ایس ڈی پی کا اجلاس منعقد ہوا۔گونرہائوس سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اجلا س میں وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، چیف انجینئر پی ڈبلیو ڈی محمود عالم،سیف الرحمن خان ، عامر رفیق میمن ، فراز سلیم ، عمران شمش،احمد نواز سولنگی سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
گورنرسندھ کو پی ایس ڈی پی کے تحت جاری منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت اور حائل رکاوٹوں کے بارے میں متعلقہ حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں گورنرسندھ نے متعلقہ حکام سے صوبہ سمیت حیدرآباد کے منصوبوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔ گورنرسندھ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے جاری منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے اورمنصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو فوری دور کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسائل کے حل میں ہر ممکن تعاون جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ڈی پی کے جاری اور مکمل منصوبوں کا جلد دورہ کروں گا۔اجلاس میں متعلقہ حکام نے گورنرسندھ کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فراہمی و نکاسی آب میں مسائل کا سامناہے ،فنڈز کی تسلسل سے فراہمی نہیں کی جارہی ہے ،ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرلئے جائیں گے ، اس وقت جاری منصوبوں پر دن رات کام جاری ہے۔