کراچی۔ 21 اپریل (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ساکنان شہر قائد کے عالمی مشاعرے میں شرکت کی۔ گورنر ہائوس سے اتوار کو جاری اعلامیہ کے مطابق منتظمین مشاعرہ محمود احمد خان ودیگر نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔
ایکسپو سینٹر میں منعقد عالمی مشاعرے میں سیاسی رہنما، اعلی سرکاری افسران، معززین شہر، میڈیا کے نمائندے اور سامعین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ گورنر سندھ نے تمام شعراکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام شعرا کو گورنر ہائو س آنے کی دعوت دیتا ہوں۔ بعد ازاں گورنر سندھ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مشاعرے کے منتظمین مبارکباد کے مستحق ہیں، لوگ پرجوش ہیں، کراچی زندہ دلوں کا شہر ہے، یہاں موجود لوگوں کی بڑی تعداد اس بات کا ثبوت ہے، عالمی مشاعرے میں گورنر سندھ نے اہلیان کراچی کے لیے شعر بھی پڑھا، عوام کی جانب سے پذیرائی، شعر کی داد بھرپور تالیوں کے ذریعے دی۔
ساکنان شہر قائد کی جانب گورنر سندھ کو شیلڈ اور گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔