کراچی۔ 02 جولائی (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی خصوصی ہدایت پر گورنر ہائوس کراچی میں محرم الحرام کے سلسلے میں قائم کردہ مانیٹرنگ سیل 24گھنٹے فعال کردار ادا کر رہا ہے۔بدھ کو گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق مانیٹرنگ سیل پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر کی نگرانی میں موثر انداز میں کام کر رہا ہے، جہاں افسران و اہلکار جانفشانی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
مانیٹرنگ سیل کو سیوریج، صفائی، بجلی، جلوسوں کی سیکیورٹی اور مقامی پولیس کے رویے سے متعلق سینکڑوں شکایات موصول ہوئیں، جن پر فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے بروقت ازالہ کیا گیا۔مانیٹرنگ سیل کے موثر اقدامات پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے اور گورنر سندھ کو شکریہ کے پیغامات بھیجے ہیں۔