اسلام آباد۔6اکتوبر (اے پی پی):پاکستان بینک ایسوسی ایشن نے اپنے تمام ممبر بینکوں اور یوفون کے تعاون سے پاکستان بھر میں کم لاگت کے گھروں کیلئے قرضہ کے خواہشمند افراد کی سہولت کے لئے ’’میرا پاکستان میرا گھر ہیلپ لائن‘‘ کے نام سے کال سینٹر کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔
افتتاحی تقریب یوفون کال سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر، نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) انور علی حیدر، پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیئرمین اور صدر حبیب بینک لمیٹڈ محمد اورنگزیب ، پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر توفیق حسین اور دیگر بینکوں کے صدور اور چیف ایگزیکٹو آفیسر شریک ہوئے۔
اس ہیلپ لائن کا بنیادی مقصد بینکوں کے ذریعے کم لاگت والے گھر کے قرض کی سہولت کے بارے میں پراڈکٹس کی معلومات کیلئے ون سٹاپ سلوشن فراہم کرنا، کم لاگت والے گھر کے لئے قرض کی پالیسی، طریقہ کار اور دستاویزات کی ضروریات کے بارے میں قرض کے حصول کے خواہشمند صارفین رہنمائی فراہم کرنا ہے۔
اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کہا کہ عوام کو سستی رہائش فراہم کرنے کے وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اسٹیٹ بینک نے حال ہی میں حکومت کی شرح سود میں سبسڈی سکیم کے تحت شرائط میں مزید نرمی کی ہے اور پورے پاکستان میں سستے مکانات کی حوصلہ افزائی کے لئے قرض کی رقم میں اضافہ کیا ہے۔
ہیلپ لائن ایک عظیم اقدام ہے جو ملک بھر میں قرض لینے والوں کو اس سکیم سے متعلق ان کے تمام متعلقہ سوالات کے جوابات دینے اور من پسند بینک میں بھیجنے کے حوالے سے سہولت فراہم کرے گا تاکہ وہ اس سہولت کو جلد اور باآسانی حاصل کرسکیں۔ پاکستان بینک ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد اورنگزیب نے کہا کہ” میرا پاکستان میرا گھر ہیلپ لائن” کا اقدام پاکستان بینک ایسوسی ایشن کا احسن اقدام ہے جو تمام رکن بینکوں اور یوفون کے اشتراک سے ممکن ہو سکا ہے۔
یہ ہیلپ لائن اسٹیٹ بینک کی جانب سے متعارف کرائی گئی انتہائی پرکشش اور آرام دہ شرائط میں دلچسپی رکھنے والے قرض حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والوں کی کالز کی متوقع آمد کو سنبھالنے میں مؤثر طریقے سے معاون ثابت ہوگی۔
پاکستان بینک ایسوسی ایشن کی مدد سے فیصل بینک، حبیب بینک لمیٹڈ اور میزان بینک اس عمل کو آسان بنانے میں سب سے آگے رہے ہیں اور اس اقدام کو کامیاب بنانے کے لئے تکنیکی، آپریشنل اور تجارتی پہلوؤں پر پاکستان بینک ایسوسی ایشن کی بھرپور معاونت کریں گے۔