اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):بینک دولت پاکستان نے جمعرات کو ڈیجیٹل مالی خدمات پر سٹیک ہولڈرز کے تیسرے ملک گیر اجلاس کا انعقاد کیا ،گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے اجلاس کی صدارت کی۔ اس اجلاس میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر، سیکریٹری ایم او آئی ٹی ٹی، اکاؤنٹنٹ جنرل آف پاکستان ریونیو (اے جی پی آر)، سیکریٹری بی آئی ایس پی، نادرا، پی ٹی اے، بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن (بی ایم جی ایف)، کارانداز کے نمائندوں اور ٹیلی کام کمپنیوں اور الیکٹرانک منی انسٹی ٹیوشنز (ای ایم آئیز) کے سی ای اوز، صدور اور بعض دیگر فریقوں نے شرکت کی۔گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے فورم کو اسٹیک ہولڈرز کے گذشتہ مشاورتی اجلاس کے بعد ہونے والی خاص پیش رفتوں اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے ڈیجیٹل ادائیگیوں میں سہولت دینے کے متعلق کیے گئے اہم اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے زیر انتظام شراکت داروں کے اشتراک سے پاکستان کے فوری ادائیگی کے نظام کے منصوبے پر کافی پیش رفت ہو چکی ہے اور وزیر اعظم پاکستان جلد اس کے پہلے مرحلے کا افتتاح کریں گے۔ اس مرحلے میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی (سی ڈی سی)سرمایہ کاروں کے بینک کھاتوں میں ڈیوڈنڈ ادائیگیوں کی فوری منتقلی کے قابل ہو جائے گی۔ گورنر باقر نے کہا کہ کووڈ19کے سبب مشکلات کے باوجود معقول وقت میں اس مرحلے کی تکمیل قابل ستائش ہے اور اسٹیٹ بینک اپنے شراکت داروں اور دیگر فریقوں کے مسلسل تعاون کو سراہتا ہے۔ انہوں نے بعض دیگر اقدامات کے ذریعے ملک میں ڈجیٹائزیشن کی رفتار بڑھانے والے اقدامات کو بھی اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھولنے کا آغاز اور بینکوں کی جانب سے نان ریزیڈنٹ پاکستانیوں کو روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے لائف اسٹائل بینکاری اور سرمایہ کاریوں کے مواقع کی کامیابی سے فراہمی ایک غیر معمولی اقدام ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسٹیٹ بینک نے ای ایم آئیز کے لیے لائسنس کی درخواست کے پروسیس کو بھی فاسٹ ٹریک بنایا ہے، جس سے انہیں غیر بینک افراد کے لیے بھی ڈجیٹل ادائیگیوں کی فراہمی میں تیزی لانے کا موقع ملے گا۔ خردہ ادائیگیوں اور وینچر کیپیٹل فنڈز کے سرحد پار بہاؤ میں سہولت دینے کے لیے بھی اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ مینوئل میں ترامیم کی ہیں تا کہ ادائیگیوں کو آسان بنایا جا سکے۔ گورنر نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن اور ان کے مقامی نمائندے کارانداز پاکستان، اسٹیٹ بینک کے نفاذی شراکت دار، میک کنزی پاکستان، اور ٹیکنالوجی شراکت دار سی ایم اے کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے کووڈ وبا کے دوران چیلنجوں اور سفری پابندیوں وغیرہ کے باوجود مکمل معاونت فراہم کی تا کہ پاکستان کے فوری ادائیگیوں کے نظام پر کام تیز کیا جا سکے۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے تنخواہوں اور پنشنوں کی تقسیم کے لیے فوری نظام ادائیگی پلیٹ فارم کے حوالے سے مدد دینے پر اے جی پی آرا ور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ادائیگی پلیٹ فارم کے ذریعے احساس پروگرام کی ادائیگیوں کے اجرا میں دلچسپی لینے کو سراہا۔اجلاس کے دوران اسٹیٹ بینک نے ڈجیٹل مالی خدمات تک سستی رسائی کے حوالے سے بھی اپنے منصوبوں سے آگاہ کیا۔ اس ضمن میں اسٹیٹ بینک نے ڈجیٹل ذرائع جیسے بین البینک رقوم کی منتقلی (آئی بی ایف ٹی) کے چارجز کو حتمی شکل دینے میں پیشرفت سے بھی اسٹیک ہولڈرز کو مطلع کیا۔ شرکا سے ان کی رائے اور مشورے بھی طلب کیے گئے، جنہوں نے ملک میں ڈیجیٹل مالی خدمات کے پھیلاؤ میں اسٹیٹ بینک کی موثر کوششوں کی تعریف کی، جو مالی اداروں اور عوام الناس دونوں کے لئے فائدہ مند ہے۔