مدینہ منورہ۔8مارچ (اے پی پی):گورنر مدینہ منورہ شہزادہ سلمان بن سلطان بن عبدالعزیز نے نائب گورنر شہزادہ سعود بن خالد الفیصل کے ہمراہ شہزادہ محمد بن عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پررمضان المبارک کے دوران عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ لیا اور ان پر اطمینان کا اظہار کیا۔
گورنر مدینہ کو ایئرپورٹ پہنچنے والے زائرین کو امیگریشن کاؤنٹرز پر فراہم کی جانے والی خدمات سے آگاہ کیا گیا۔ایئرپورٹ حکام نے گورنر کو کسٹم، سامان کی منتقلی، ہیلتھ کیئر اور وزارت حج وعمرہ دفاتر پر رمضان کے حوالے سے مہیا کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بریف کیا گیا۔
شہزادہ سلمان بن سلطان نے مدینہ منورہ ہوائی اڈے پر آمد اور روانگی کے ہال کا جائزہ لیا اور وہاں آنے اور جانے والے زائرین کے حوالے سے معلومات بھی حاصل کیں۔
گورنر مدینہ کو بتایا گیا کہ رمضان کے دوران عمرہ زائرین کو تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ ان کا مدینہ منورہ آمد اور روانگی کا سفر خوشگوار رہے۔
اس موقع پر گورنریٹ کے انڈر سیکریٹری برائے حج امور ڈاکٹر عید بن سالم التوم، محکمہ پاسپورٹ مدینہ ریجن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل عبدالرحمن بن ھدیان البلوی اور دیگر اعلی عہدیدار بھی ان کے ہمراہ تھے۔