لاہور۔2مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر مسز ہینی ڈی وریس نے ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان تعلقات کو تجارت، کھیلوں اور عوامی سطح پر فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ لاہور میں نیدر لینڈز کی اعزازی قونصل جنرل عاصمہ حامد،سابق اولمپک ہاکی پلیئر فلورس جین بوویلینڈر ڈچ پاکستانی فٹبال پلیئرکائنات بخاری اور سابق ہاکی اولمپیئن خواجہ جنید بھی اس موقع پر موجود تھے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نیدر لینڈز کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان گیمز ایکس چینج پروگرام شروع کرنے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ہالینڈ میں کھیلوں کے حوالے سے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بحالی کے لیے نیدرلینڈز کے اشتراک سے انفراسٹرکچر، کوچنگ اکیڈمی اور ایکسچینج پروگرام سے دونوں ممالک کے درمیان کے درمیان تعلقات کو مذید وسعت ملے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور نیدر لینڈز کے درمیان اقتصادی شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یونیونیورسٹیوں میں سپورٹس کی بحالی بہت ضروری ہے اور اس حوالے سے یونیورسٹیوں میں جلد دوبارہ کھیلوں کا انعقاد کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے مذید کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان عوامی سطح پر وفود کے تبادلے ہونے چاہئیں۔ نیدرلینڈز کی سفیر مسز ہینی ڈی وریس نے کہا کہ پاکستان کے لوگ مہربان، پرامن اور محبت کرنے والے ہیں۔ نیدر لینڈز کی اعزازی قونصل جنرل عاصمہ حامد نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان زراعت، لائیو سٹاک، ڈیری سیکٹر اور ثقافتی شعبے میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔