لاہور۔27جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلم حیدر خان سے چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو اور ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمدنے ملاقات کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ بچے ملک و قوم کا سرمایہ ہیں ان کی نگہداشت،حفاظت اور پرورش والدین کے ساتھ ساتھ ریاست کی بھی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے چیئرپرسن سارہ احمد کی جانب سے بچوں کے تحفظ کے لئے کئے گئے اقدامات کو سراہا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ صاحب ثروت افرادکو بھی چاہیئے کہ وہ معاشرے کے پسماندہ اور پسے ہوئے طبقے کو ساتھ لے کر چلیں خصوصا یتیم اور بے سہارا بچوں کو بہتر مستقبل دینے کے لیے آگے بڑھیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو اس سلسلے میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔اس موقع پرچیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمدنے گورنر پنجاب کوبچوں کے تحفظ اور فلاح وبہبودکے حوالے سے کئے گئے اقدامات کے بارے تفصیلی آگاہ کیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے دورے کی دعوت بھی دی۔