گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے امریکن قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

171
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے امریکن قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز کی ملاقات،دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے لاہور میں تعینات امریکن قونصل جنرل کرسٹین کے ہاکنز نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صحت، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں امریکہ کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زرعی شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں امریکی تعاون کا خیر مقدم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں صحت، تعلیم اور زرعی شعبے کی بہتری ترجیح ہے اور اس حوالے سے مختلف پروگرامز جاری ہیں۔انہوں نے امریکہ کے تعاون سے صوبہ پنجاب کے دور دراز پسماندہ اضلاع میں ماڈل سکولز بنانے کی تجویز پیش کی ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں میرٹ کی بالادستی اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہوں۔

گورنر پنجاب نے مزیدنے کہا کہ ملک میں معیشت سمیت ترقی کے اشاریے مثبت سمت میں گامزن ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اتحادی حکومت کا ڈلیور کرنا ملک کے استحکام کے لیے ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ مثبت تنقید جمہوریت کا حسن ہے اورپنجاب حکومت کو مختلف مسائل کی نشاندہی کرتا رہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں منعقدہ پہلی گورنرز کانفرنس کا مقصد گورنرز کے آئینی اور قانونی کردار کو بہتر کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگلی گورنر کانفرنس کی میزبانی لاہور میں کروں گا , میری کوشش ہے کہ گورنر کانفرنس میں خطے سے مختلف ممالک کے گورنرز کو دعوت دی جائے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے کا موقع مل سکے۔