گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کی ملاقات

190

لاہور۔27جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران روبینہ خالدنے گورنر پنجاب کو ادارے کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا وژن عام آدمی کی فلاح و بہبود اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے،بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے لاکھوں مستحق خاندان مستفید ہورہے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام خط غربت سے نیچے زندگی گزار نے والے افراد کو مالی امداد فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دائرہ مزید بڑھایا جائے تاکہ زیادہ مستحق خاندان اس سے استفادہ حاصل کرسکیں اور پسماندہ علاقوں میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواتین کو مالی امداد ملنے کے حوالے سے مشکلات کو دور کیا جائے۔

اس موقع پر چیئرپرسن روبینہ خالد نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت پورے ملک کے مستحقین میں میرٹ کی بنیاد پر مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ مستحقین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شامل کرنے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔