اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ تاجر برادری کی مشکلات کا احساس ہے، جلد ان کے مسائل حل کر یں گے، حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، منفی پروپیگنڈے کو ہوا دینے کی بجائے مثبت سوچ کو پروان چڑھا کر معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئی سی سی آئی بزنس رول ماڈل ایواڈز کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منفرد تاریخ ہے،اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بہترین کام کر رہا ہے، واٹر فلٹریشن پلانٹس سمیت دیگر کئی منصوبے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کریڈٹ ہیں، تاجر برادری ملکی معیشت کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاجر برادری کی مشکلات کا احساس ہے، جلد انکے مسائل حل کریں گے۔
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تاجروں کے لیے گورنر ہائوس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، معیشت میں بہتری آ رہی ہے، مہنگائی میں بتدریج کمی آرہی ہے، منفی پروپیگنڈے کو ہوا دینے کی بجائے مثبت سوچ کو پروان چڑھا کر معیشت کو بہتر کیا جا سکتا ہے، مایوسی کے اندھیروں سے نکل کر ہر ایک کو اپنے حصے کی شمع جلانی ہو گی، معاشی بہتری کے لیے تاجر برادری کا کردار تعمیری ہے، جامع معاشی پالیسی بنانے اور اسے کامیاب بنانے کے لیے تاجر برادری کی شرکت بہت ضروری ہے، معیشت بہتر ہو گی تو ملکی ترقی کاپہیہ تیزی سے آگے بڑھے گا۔
انہوں نے کہا کہ پالیسیوں کے تسلسل سے ہی استحکام آئے گا، مثبت سوچ ہی ترقی کی ضامن ہے، تاجر برادری کو سازگار ماحول میسر ہو گا تو کاروباری حلقوں کو کاروبار کو مستحکم کرنے میں تقویت ملے گی۔ تقریب سے تاجر رہنمائوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامع معاشی پلان مرتب کیا جائے، وسائل کو بڑھانے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، معاشی بحران کو حل کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔گورنر پنجاب نے بزنس رول ماڈل ایواڈز تقسیم کیے۔
گورنر پنجاب نے بشیر جان محمد، چانسلر انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ اینڈ چیئرمین ویسٹبری گروپ آف کمپنیز کو آئی سی سی آئی بزنس رول ماڈل ایوارڈ سے بھی نوازا۔