اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر سے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بدھ کو نادرا ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کے دورے کے دوران ملاقات میں گورنر پنجاب نے نادرا کا محفوظ قومی شناختی کارڈ جاری کرنے کے لیے انٹرایکٹو ڈیٹا ایکوزیشن سسٹم کو قابل ستائش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے فول پروف اور جامع کمپیوٹرائزڈ سسٹم کی بدولت شناخت کی چوری کے خطرے کو ختم کرنے میں مدد ملی ہے۔
قبل ازیں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے پنجاب ہائوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے گورنر پنجاب کو ایچ ای سی کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اعلی تعلیم کے حصول میں ایچ ای سی کا کردار قابل ستائش ہے۔ ایچ ای سی نے دو دہائیوں میں اعلی تعلیم کے حصول کا دائرہ کار بڑھا دیا۔ تحقیق کے شعبہ میں ایچ ای سی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ اعلی تعلیم کی شرح میں اضافے کا کریڈٹ ایچ ای سی کو جاتا ہے۔ میرٹ اور شفافیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
بعد ازاں گورنر پنجاب سے صدر زرعی ترقیاتی بینک طاہر یعقوب بھٹی نے پنجاب ہائوس میں ملاقات کی۔ صدر زرعی ترقیاتی بینک نے گورنر پنجاب کو محکمانہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔گورنر پنجاب نے زرعی ترقیاتی بینک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک غریب کسانوں اور دیہی آبادی کو مالی معاونت احسن انداز سے فراہم کر رہا ہے۔ زرعی ترقیاتی بینک ملک بھر میں کسانوں کو زرعی قرضے اور بینکنگ کی خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ملک میں زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے سرکاری اور پبلک سیکٹر میں یہ سب سے بڑا مالیاتی ادارہ ہے۔