لاہور۔7اگست (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں سے قونصل خانے میں ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب اور چینی قونصل جنرل نے پاکستان اور چائنہ کے درمیان تعاون اور دوستی کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا ۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے درمیان غیر متزلل دوستی کی طویل تاریخ ہے،
پاکستان اور چائنہ کے درمیان محبت اور اعتماد کا گہرا رشتہ ہے اور یہ بے مثال دوستی آنیوالی نسلوں میں اسی طرح بلکہ اس سے بھی زیادہ مضبوطی سے منتقل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک چائنہ دوستی کے لیے مل کر مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے گورنر ہائوس کی طرف سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔چین کے قونصل جنرل لاہور ژائوشیریں نے کہا کہ پاکستان اور چائنہ کے درمیان آہنی دوستی ہے۔چینی قونصل جنرل نے گورنر پنجاب کو ضلع اٹک میں ترقیاتی کام کے لیے 40 لاکھ روپے کا چیک دیا۔