لاہور۔17اگست (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سابق وزیراعظم پاکستان و صدر پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کے گھر گئے ،ان سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔ چوہدری شجاعت حسین نے گورنر پنجاب کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران چوہدری شجاعت حسین کے دونوں صاحبزادے چوہدری سالک حسین وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز،مذہبی امور، بین المذاہب ہم آہنگی، چوہدری شافع حسین صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت ، چوہدری وجاہت حسین اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ آپ ملک کا سرمایہ ہیں،
آپ کی سیاسی سمجھ بوجھ، تجربہ اور معاملہ فہمی قابل تحسین ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حالات میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور چوہدری شجاعت حسین ایسی شخصیات ہیں جو کہ سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر سکتیں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے اپوزیشن سمیت تمام پارٹیوں کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔گورنر پنجاب نے اس موقع پر صدر پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین کو گورنر ہائوس آنے کی دعوت بھی دی۔