لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پیر کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان میں تعینات آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت موسمیاتی تبدیلی، تعلیم ،زراعت،ڈیری سیکٹر اور کھیل کے شعبے میں دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کو جدید بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے آسٹریلین ٹیکنالوجی سے استفادہ اٹھانا چاہتے ہیں ۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ تعلیم، لائیوسٹاک،زراعت،سائنس اور ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ بڑی تعداد میں آسٹریلین یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں، تعلیم کے شعبے میں آسٹریلین حکومت کی جانب سے پاکستانی طلبہ کو سکالرشپس دینے کے اقدام کو سراہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بہت بڑا مسئلہ ہے ، اس سے نمٹنے کے لیے اکٹھے کام کرنے کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کھیل کے شعبے میں کرکٹ اورہاکی کے فروغ کے لیے آ سٹریلین تعاون کو سراہتے ہیں، ہاکی کو فروغ دینے کے لیے گورنر ہائوس میں10 اکتوبر کے بعد ہاکی کی ٹیم کو مدعو کیا جائے گا، اس موقع پرآ سٹریلین ہائی کمشنر کو بھی دعوت دی جائے گی۔آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز (Neil Hawkins)نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں زراعت اور فارمنگ کے شعبے میں منصوبوں پر کام ہو رہا ہے ، پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین تجارت کے شعبے کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔