لاہور۔15مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے استحکام پاکستان پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری و ایم پی اے شعیب صدیقی نے ملاقات کی، ملاقات میں پاک فضائیہ کے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص پر افواج پاکستان کی جرات و بہادری کو سلام اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کی گئی۔ جمعرات کے روز گورنر ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں ممبر قومی اسمبلی موسی گیلانی بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی مجموعی سیاسی و دفاعی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ تینوں رہنمائوں نے گفتگو کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں کے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملاقاتوں کا تسلسل قائم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ جنگ کے بعد معاشی دبائو کے خدشات کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا سیاسی کردار بخوبی انجام دینے کے لئے تیار ہیں
مشکل کی اس گھڑی میں تمام سیاسی جماعتوں کا ایک پیج پر اکٹھے ہونا قوم کی جانب سے دشمن کو بہترین اور مضبوط پیغام تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ ماہ جون میں پیش کئے جانے والے بجٹ کے حوالے سے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لئے بھی امور زیر غور ہیں جس پر تمام جماعتیں مشاورت کر رہی ہیں۔ ایم پی اے شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کے دانشمندانہ رویے اور خطے کے لئے امن قائم کرنے کے حوالے سے کردار سے پوری دنیا میں وطن عزیز کا وقار بلند ہوا ہے، جنگ میں فتح کے بعد پاکستان سیاسی و دفاعی اعتبار سے دنیا بھر میں مباحثوں کا موضوع بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے مثال عسکری مہارت اور دفاعی قوت رکھنے کے باوجود پاکستان کا ضبط کا دامن نہ چھوڑنا اور بھارت کی جانب سے تمام تر اشتعال انگیزیوں کے باوجود جنگ سے احتراز کرنے کے عمل نے دنیا بھر کو متاثر کیا اور یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان امن کا داعی ملک ہے۔ شعیب صدیقی نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی سیاسی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ گورنر پنجاب نے بھی صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کی زیر قیادت پارٹی کے سیاسی کردار کو سراہا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597560