گورنر پنجاب سے ترکیہ یوروایشین یونیورسٹی یونین کے ڈاکٹر مصطفیٰ آئیڈن کی وفد کے ہمراہ ملاقات،ماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی

127
گورنر پنجاب سے ترکیہ یوروایشین یونیورسٹی یونین کے ڈاکٹر مصطفیٰ آئیڈن کی وفد کے ہمراہ ملاقات،ماہرین تعلیم نے بھی شرکت کی

لاہور۔9جون (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ترکیہ سے تعلق رکھنے والے یوروایشین یونیورسٹی یونین کے ڈاکٹر مصطفٰی آئیڈن نے وفد کے ہمراہ جمعے کے روز ملاقات کی جس میں ترک وفد سمیت پرائیویٹ سیکٹرز کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ریکٹرز اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق گورنرپنجاب نے ترک وفد کو صوبے میں ہائر ایجوکیشن سیکٹر اور بطور چانسلر پنجاب میں سرکاری ونجی شعبے میں یونیورسٹیز کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات بارے آگاہ کیا۔

اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ سے مل کر بہت خوشی ہوئی،ترکیہ کے ہمارے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں،سرکاری ونجی شعبے کی یونیورسٹیاں ایک دوسرے کے تجربات سے بہتر فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔گورنر نے کہا کہ ان کی کوشش رہی ہے کہ تمام جامعات ایک دوسرے کے ساتھ ملکر آگے بڑھیں، جامعات میں سات اہم ترین شعبوں پر کنسورشیم بنائے ہیں، جس پر تمام جامعات مل کر کام کر رہی ہیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر مصطفٰی آئیڈن نے کہا کہ پاکستان میں ہائر ایجوکیشن میں بڑا پوٹینشل ہے،نجی شعبے کا ہائر ایجوکیشن کے فروغ میں بڑا کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ ایپ سپ کے پلیٹ فارم سے پاکستان کی یونیورسٹیز کی ترکیہ میں تعلیمی کانفرنس میں شرکت نے اس کی اہمیت کااجاگرکیا،کانفرنس کے ذریعے پاکستان کی نجی اوردنیا کی دیگر یونیورسٹیز کے درمیان تعلیمی اشتراک سے ہائر ایجوکیشن میں مزید بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور تاریخی اہمیت کاحامل ہے،یہاں کے تاریخی مقامات دیکھ کربہت کچھ سیکھنے کوملا۔ڈاکٹر مصطفٰی آئیڈن نے کہا کہ پاکستان ترکیہ میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے سب سے پہلے پہنچا،ہم پر مشکل وقت آیا تو پاکستانی مائوں بہنوں نے اپنے زیور امداد میں دیے ،پاکستانیوں کی ترکیہ کے عوام سے محبت کونہیں بھول سکتے۔

انہوں نے بتایا کہ لاہور میں یونیورسٹیز حکام سے ملاقاتیں بہت مفید رہیں ،ترک یونیورسٹیوں میں ہزاروں پاکستانی طلبہ پڑھ رہے ہیں۔ڈاکٹر مصطفٰی نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحٰمن کا گورنر ہاس میں مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا اور انہیں ترکیہ میں ہونے والی کانفرنس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔چیئرمین سپیریئر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمنٰ نے کہا کہ گورنر پنجاب نے بطور وفاقی وزیر تعلیم بہت کام کیا ، ڈاکٹر مصطفی آئیڈن کے دورہ پاکستان سے ملک کے ہائر ایجوکیشن سیکٹر میں مزید بہتری کے مواقع پیدا ہوں گے ۔

گورنرپنجاب نے ڈاکٹر مصطفی ٰآئیدن کو سووینئر پیش کیا جبکہ گورنرپنجاب کی اہلیہ نے معزز مہمان کی اہلیہ کو پنجاب کی روایتی چادر پہنائی ، ڈاکٹر مصطفی آئیڈن نے گورنر پنجاب کو روایتی ترک سووینئر پیش کئے ۔اس موقع پر پروفیسر اقبال چوہدری ،ڈاکٹر چوہدری عبد الخالق ،میاں عمران مسعود،ڈاکٹر خلیق،حیدر امین ،ڈاکٹر عبدالباسط،ڈاکٹر آصف رضا،ریحان یونس ،فیصل منظور،ڈاکٹر عمران اللہ،مرتضی نور، ڈاکٹر نائمہ خورشید،ڈاکثر عائشہ زاہد ،حمزہ رحمان اور اسد اللہ شیخ بھی موجود تھے۔