گورنر پنجاب سے جنوبی پنجاب کے فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد کی ملاقات

173
Sardar Salim Haider Khan
Sardar Salim Haider Khan

لاہور۔16جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے جنوبی پنجاب کے فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد گورنر ہاوس میں ملاقات کی۔ ترجمان گورنر ہاوس کے مطابق نے جمعرات کو یہاں ملاقات کے دوران ایف پی سی سی آئی کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران کی قیادت میں وفد نے غذائی برآمدات کو بڑھانے میں جنوبی پنجاب کے صنعتکاروں کے کردار پر گورنر کو بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے برآمد کنندگان عالمی منڈیوں میں برآمدات کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے توانائی کی قلت، فرسودہ انفراسٹرکچر اور ناکافی لاجسٹک سپورٹ جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومتی تعاون کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ یہ مسائل خطے کی برآمدی صلاحیت کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ گورنر سردار سلیم حیدر خان نے جنوبی پنجاب کے فوڈ ایکسپورٹرز کی کوششوں کو سراہا اور کاروبار کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کو فروغ دینے کے لیے انہیں حکومت کے تعاون کا یقین دلایا۔

انہوں نے زراعت اور فوڈ پرسیسنگ کے شعبوں میں خطے کی بے پناہ صلاحیت کا اعتراف کرتے ہوئے مارکیٹ تک رسائی کو بڑھانے اور ایکسپورٹ فرینڈلی پالیسیاں متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔ گورنرز نے کہا کہ حکومت مستقبل میں ایسے اقدامات کرنے جارہی ہے جن کا مقصد بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانا، ریگولیٹری رکاوٹوں کو کم کرنا اور خوراک کی پیداوار اور پراسیسنگ میں جدت کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔