لاہور۔10اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق و ویمن ایمپاورمنٹ مشعال حسین ملک نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیر، فلسطین اور خواتین کو بااختیار بنانے سمیت مختلف امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کی روشنی میں حق خودارادیت ملنا چاہیئے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان نے ہر سطح پر کشمیریوں کے جائز حق خودارادیت کے حق میں آواز کو بلند کیا اور آئندہ بھی پاکستان اس سلسلے میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے میں پائیدار امن کے لیے بہت ضروری ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین میں امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیل کا ناجائز تسلط اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے جائز حق خودارادیت سے محروم کرنا ، معصوم فلسطینیوں پر انسانیت سوز مظالم ،اسرائیلی قابض فوج کی مسجد الاقصی اور دوسرے مقدس مقامات پر حملے وہ جرائم ہیں جن کا عالمی برادری کو نہ صرف نوٹس لینا چاہیئے بلکہ روکنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔
مشعال حسین ملک نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیئے۔ گورنر پنجاب نے یونیورسٹیوں میں بطور چانسلر بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وائس چانسلرز کو متحرک کیا ہے کہ یونیورسٹیوں میں طلبا کی کردار سازی اور ان کی تنقیدی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے پر خصوصی توجہ دیں۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی مشعال ملک نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی خصوصی ہدایت پر یونیورسٹیوں میں خواتین کی تعلیم اور انہیں بااختیار بنانے پر قائم کنسورشیم کو سراہا۔انہوں نے مختلف یونیورسٹیوں میں طالبات کے لیے مختلف پروگرامز میں اشتراک کرنے میں دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے کے لیے مختلف اداروں کے تعاون سے 100 دن کے پلان پر کام شروع کر دیا ہے اس کی کارکردگی نگران حکومت کے پہلے 100 دن مکمل ہونے پر عوام کے سامنے لائی جائے گی۔