لاہور۔25ستمبر (اے پی پی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وفاقی وزیراقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار نے ملاقات کی جس میں سیاسی ،معاشی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی ‘ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی کوشش کر نیوالوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیاجائے گا۔ حکومت نے ملک کو معاشی طور پر بھی درست سمت میں ڈال دیا ہے۔ مستحکم اورمضبوط معیشت ہی روشن پاکستان کی ضمانت ہے‘ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ٹھوس اصلاحات کی بدولت آج عالمی معاشی اداروں کے پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہورہا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے جو پروگرام شروع کیے ہیں ماضی میں انکی کوئی اور مثال نہیں ملتی۔ اُنہوں نے کہا کہ عام آدمی کو ریلیف دینے کے لیے احساس پروگرام اور کامیاب جوان پروگرام سمیت دیگر منصوبے حکومت کی غر یب دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے سٹیزن پورٹل کی مدد سے ہر پاکستانی اپنے مسائل کے متعلق حکام بالا کو آگاہ کر سکتا ہے۔ گور نر پنجاب نے کہا کہ کرپشن کے ناسور کی وجہ سے پاکستان کو معاشی میدان میں بھی بہت نقصان ہو ا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمہ کا مینڈیٹ لے کر حکومت میں آئی ہے اور اس کے خاتمہ کے لئے حکومت احتساب کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو درست سمت پر لانے کے لئے حکومت نے مشکل فیصلے بھی کئے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ اب حالات بتدریج بہتری کی جانب گامزن ہیں اور عوام کو ہر شعبے میں ریلیف دیا جائے گا۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ حکومت ملک میں شفافیت اور میرٹ کو بھی یقینی بنا رہی ہے اور الحمد للہ آج پاکستان کامیابی سے آگے بڑ ھ رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ جولوگ پاکستان کو عدم استحکام کاشکارکر نے کی کوشش کر رہے ہیں انکو ناکام بنایا جائیگا۔ وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ حکومت کے معاشی اہداف بالکل واضح ہیں ان کے حصول کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومتی معاشی پالیسیوں کے اثرات عوام تک پہنچ رہے ہیں۔