لاہور۔9ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے سابق وزیر اعظم اورپاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین اور سابق وفاقی وزیر اعجازالحق نے ملاقات کی اور ان سے ان کی خوشدامن کی وفات پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند کرے اور انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرئے۔
گورنر پنجاب نے چوہدری شجاعت حسین اور اعجازالحق کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور دیگر معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین پاکستان کا سرمایہ ہیں، چوہدری شجاعت حسین جیسے سیاسی سمجھ بوجھ رکھنے والے سیاست دان کی موجودگی ملکی سیاست میں بہت ضروری ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے سب کو ایک پیج پر ہونا چاہئے۔