گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں نگران وفاقی وزرا کی الگ الگ ملاقاتیں

132
حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

لاہور۔8اکتوبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمدبلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں نگران وفاقی وزرا نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ملاقاتوں میں نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف اور وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج شامل تھے۔

ملاقاتوں میں اقلیتوں اور آئی ٹی کے شعبے کے فروغ اور بہتری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ و فاقی وزیر خلیل جارج نے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کو اقلیتوں کے حوالے سے کام کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ای روزگار سینٹرز کو فعال کرنے سے مثبت نتائج آ رہے ہیں۔

انہوں نے ای روزگار سینٹرز کو بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں انہیں جدید تقاضوں کے مطابق آئی ٹی کی تعلیم دینا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کی جدید دنیا میں آئی ٹی میں مہارت بہت ضروری ہے۔ طلبا آئی ٹی کے کورسز کر کے آن لائن کمانے کے بے شمار مواقع سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگران وفاقی حکومت آئی ٹی کے شعبے میں اچھا کام کر رہی ہے ،امید ہے عمر سیف سابقہ تجربے سے آئی ٹی کے شعبے میں بہتری لیکر آئیں گے۔

نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج سے ملاقات کے دوران گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں آئین پاکستان اور بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق اقلیتوں کو مکمل تحفظ حاصل ہے ۔ بالخصوص سانحہ جڑانوالہ کے بعد حکومت مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوئی ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت نے مظلومین کی بھرپور مدد کی اور گرجا گھروں کی بروقت بحالی کر کے عمدہ مثال قائم کی ہے۔اس موقع پر نگران وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں اپنے تجربے کی مدد سے بہتری کی بھرپور کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ وہ دنیا میں پاکستان کی آئی ٹی ایکسپورٹس بڑھانے کے لیے بھی پر عزم ہیں۔ وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق اور مکمل آزادی حاصل ہے۔