گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کی ملاقات

153
حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

لاہور۔18جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے جمعرات کے روز یہاں گورنر ہائوس لاہور میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان گورنر ہائوس کے مطابق گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دیرینہ تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ مذہب اور ثقافت کی وجہ سے لازوال برادرانہ رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاحت کے حوالے سے سعودی حکومت بہت اچھے اقدامات کر رہی ہے، سعودی حکومت کا غیر ملکی سیاحوں کے لیے ویزہ پالیسی کو آسان بنانا خوش آئند ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سعودی حکومت کے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے اقدامات حوصلہ افزا ہیں ،سعودی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں ساز گار مواقع موجود ہیں،سعودی کمپنیاں سیمی کنڈکٹرز میں بھی سرمایہ کاری کر رہی ہیں جو تمام ٹیکنالوجیز کی بنیاد ہے، پاکستانی جامعات میں میڈیکل سمیت مختلف شعبہ جات میں معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہیں۔

پاکستانی ڈاکٹرز سعودی عرب سمیت پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سعودی طلبا کو پاکستانی یونیورسٹیوں میں تعلیم کے لیے خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان طلبا کے وفود زیادہ سے زیادہ تبادلے ہونے چاہئیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن اور سعودی سفیر نے فلسطین کی صورتحال پر بھی گفتگو کی۔

گورنر پنجاب کہا کہ فلسطین غزہ کی پٹی میں رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں، سکولوں پر بمباری اور اس کے نتیجے میں تباہی تکلیف دہ ہے،مہذب ممالک کا اسلحہ نہتے شہریوں پر استعمال ہونا ایک المیہ ہے۔

سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میرا دوسرا گھر ہے اور مجھے یہاں پر بہت زیادہ عزت اور پیار ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستانی طلبا کو سکالرشپس دے رہا ہے۔ سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام کو مزید بڑھایا جائے گا۔ سعودی سفیر نے کہا کہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر پاکستانی مصنوعات کی کوالٹی بہت اچھی ہے۔ ان کی بہتر مارکیٹنگ کرنے کی ضرورت ہے۔