گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے صوبہ سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے طلبا و اساتذہ کے وفد کی ملاقات

174
گورنر پنجاب نے سرکاری ملازمین ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا
گورنر پنجاب نے سرکاری ملازمین ترمیمی آرڈیننس جاری کر دیا

لاہور۔28نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے منگل کے روز گورنر ہائوس لاہور میں ادارہ نظریہ پاکستان کے زیراہتمام(کاروان خیر سگالی و قومی یکجہتی)کے عنوان سے صوبہ سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے لاہور کے مطالعاتی دورے پرآئے طالب علموں اور اساتذہ کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان میاں فاروق الطاف، ممبر بورڈ آف گورنرز میاں سلمان فاروق، سیکرٹری ادارہ نظریہ پاکستان ناہید عمران گل، سیکرٹری ادارہ تحریک پاکستان محمد سیف اللہ چوہدری، عثمان احمد اورصدر نظریہ پاکستان فورم پشاور ملک لیاقت علی تبسم بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان ایک نظریاتی مملکت ہے جو دو قومی نظریے کے تحت وجود میں آئی، پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتیں بھی برابر کی پاکستانی ہیں جنہیں ہر قسم کے مساوی حقوق حاصل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں محبتوں کا فروغ اور نفرتوں کا تدارک کرنا ہے ، ایسے لوگوں کا آلہ کار نہ بنیں جو نفرتیں پھیلاتے ہیں، پاکستان میں بہت سی مثبت چیزیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ بڑے فخر کی بات ہے کہ پاکستانی قوم دنیا میں سب سے زیادہ دوسروں کی مدد کرنے والی قوم ہے،یہاں اخوت اور ایدھی فائونڈیشن جیسے ادارے ہیں اور اگر موازنہ کریں تو پاکستان دنیا کے کئی ممالک سے بہتر ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کاروان خیر سگالی و قومی یکجہتی کو دیکھ کر مجھے بہت خوشی محسوس ہورہی ہے،یوں تو مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور وفود گورنر ہائوس کا وزٹ کرتے رہتے ہیں تاہم کاروان خیر سگالی و قومی یکجہتی اس لحاظ سے بڑا منفرد ہے کہ اس میں وطن عزیز کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبا و طالبات اور اساتذہ کرام موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ادارہ نظریہ پاکستان کی یہ کاوش نہایت قابل تحسین ہے جو نسل نو کو اپنی خصوصی توجہ کا محور و مرکز بنا کر ایک قومی فریضہ ادا کر رہا ہے

،ہمارے ملک کو جن مسائل اور چیلنجز کا سامنا ہے اس کے تناظر میں ضروری ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں اور قومی معاملات کے حوالے سے اپنے فکر و عمل میں یکجہتی پیدا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں کے نوجوانوں پر مشتمل یہ کاروان قومی اتحاد و اتفاق کا عکاس ہے ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اس کا اثاثہ ہے۔انہوں نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ ہی پاکستان کا مستقبل ہیں اور پاکستان کو ایک جدید اسلامی،جمہوری اور فلاحی ریاست بنانے کے لیے ہماری تمام تر امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔آپ کو چاہیئے کہ اپنی تعلیم پر توجہ دیں،وقت کی قدر کریں، اپنے والدین اور اساتذہ کرام کا احترام کریں اور جدید علوم و فنون پر دسترس حاصل کریں

تا کہ آپ اپنے خاندان،معاشرے اور ملک و قوم کے لیے ایک مفید شہری بن سکیں۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اپنے اندر اخلاقی اقدار پیدا کریں۔جس سے انہیں دنیا اور آخرت میں کامیابی ملے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ آپ لاہور سے بہت اچھی یادیں لے کر واپس جائیں گے اور اس مطالعاتی دورے کا ہر لمحہ آپ کے لیے یادگار ثابت ہوگا۔اس موقع پر سینئر وائس چیئرمین ادارہ نظریہ پاکستان میاں فاروق الطاف نے کہا کہ طلبا وطالبات اور اساتذہ کے اس دورے کا مقصد صوبوں کے نوجوانوں کے مابین یکجہتی و خیر سگالی کے جذبات کو فروغ دینا اور انہیں یہ باور کرانا مقصود ہے کہ پاکستان کے تمام صوبوں اور آزاد جموں وکشمیر کے رہنے والے باہم یکجان اور متحد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے کے طفیل انہیں آپس میں ایک دوسرے کے خیالات جاننے اور ذہنی ہم آہنگی پیدا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ طلبہ جب اپنے علاقوں میں واپس جائیں گے تو وہ قیام پاکستان کی اصل بنیاد نظریہ پاکستان کے داعی اور علمبردار بن کر جائیں گے اور اپنے علاقوں میں اس نظریے کی ترویج کے لئے ہراول دستے کا کردار ادا کریں گے۔