گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے 81ویں پاکستان لائف سٹائل اینڈفرنیچر ایکسپو کا افتتاح کر دیا

154
حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

لاہور۔8دسمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے ایکسپو سینٹر لاہور میں لائف سٹائل گروپ کے زیر اہتمام 81ویں پاکستان لائف سٹائل اینڈفرنیچر ایکسپو کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پاکستان لائف سٹائل فرنیچر ایکسپو، زہرہ فیصل، حمزہ رحمان، شاہد محمود اورنرمین حمزہ سمیت پاکستان بھر سے آئے ہوئے فرنیچر انڈسٹری سے وابستہ افراد موجود تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پاکستان لائف اسٹائل ایکسپو اور پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کے 81 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب بہت اہم ہے جو ملک کے شاندار ثقافتی ورثے اور متحرک صنعت کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میں تمام شرکا اور حاضرین سے گزارش کرتا ہوں کہ اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شراکت داری کو فروغ دیں اور اس شعبے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ اس نمائش سے فرنیچر انڈسٹری کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ کاروبار چاہے چھوٹا ہو یا بڑا ، سب کاروبار معیشت کی ترقی میں بہت اہم ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نمائش سے ملکی معیشت کی مضبوطی کے ساتھ ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت میں ترقی اور توسیع کے امکانات کو اجاگر کرنے کی ضروت ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت سے وابستہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری افراد کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ مقامی کاروبارکرنے والوں اور سرمایہ کاروں کو ان مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہم سب نے مل کرملک و قوم کی ترقی، خوشحالی اوراستحکام کے لئے اپنا بھر پور طریقے سے کردار ادا کرنا ہے۔