گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا سے ملاقات

134
حکومت ملک کی معیشت کی بحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔گورنر پنجاب

لاہور۔4نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہاؤس لاہور میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام پچیسویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا کے وفد سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ڈائریکٹر جنرل انسٹیٹیوٹ فار سٹریٹیجک سٹڈیز ریسرچ اینڈ اینالیسس میجر جنرل محمد رضا ایزد کر رہے تھے۔

گورنر پنجاب نے وفد کو گورنر ہاوس لاہور کی تاریخی عمارت میں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اس تربیتی ورکشاپ میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں سینیٹرز، ممبران قومی اسمبلی، ملٹری اور سول افسران شامل ہیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے شرکا کو اس کورس سے ملک کی جیو اسٹریٹیجک اور سماجی سیاسی محرکات سمجھنے کے ساتھ ساتھ ملک کو درپیش مشکلات کو جاننے کا موقع بھی ملا ہو گا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ کسی بھی ملک کی ترقی میں پالیسیوں کا تسلسل بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن ممالک نے ترقی کی وہاں پالیسیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی ترقی کے لیے معیشت کا استحکام بہت اہم ہے۔ حکومت خاص طور پر علاقائی تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی رابطوں کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ ماضی قریب میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ بڑھانے کے لئے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ گورنر پنجاب نے افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے لیے سینے پر گولی کھانے والے شہدا ہمارے ہیروز ہیں اور ان کی عزت و تکریم سب پر لازم ہے۔

گورنر پنجاب نے ورکشاپ کے شرکا کو گورنر ہاوس لاہور میں گائیڈڈ ٹورز کے اجرا کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ماضی میں گورنر ہاس کو ایک مختصر عرصے کے لیے غیر منظم طریقے سے لوگوں کو لیے کھولا گیا تھا اور اس میں بھی گورنر ہاس کے اندرونی حصے تک عوام کو رسائی نہیں دی گئی تھی۔

لیکن مجھے اس بات کہ خوشی ہے کہ حال ہی میں گورنر ہاس میں گائیڈڈ ٹورز شروع کیے گئے ہیں۔ اور عوام کو منظم طریقے سے گورنر ہاؤس کے اندرونی اور بیرونی حصوں تک رسائی دی جا رہی ہے۔ ان گائیڈڈ ٹورز میں غیر ملکی بھی گورنر ہاؤس کا دورہ کر چکے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سوچ اور طرز عمل اپنانا چاہیئے۔ نفرتیں، منفی سوچ اور رویوں کو ختم کر کے مثبت سمت اپنانے سے ہی ملک ترقی کرے گا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے ورکشاپ کے شرکا کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔