لاہور۔22جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے رینل کیئر فاونڈیشن ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں چیئرمین رینل کیئر فاونڈیشن ڈاکٹر قیصر رفیق،سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جویہ اور جمہوریہ مالٹا کے اعزازی قونصل جنرل سید حسن محمود زیدی،ڈاکٹر سعید الہی اور پنجاب یونیورسٹی کالج آف فارمیسی کے پرنسپل ڈاکٹر عاطف رضا کاظمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔گورنر سردار سلیم حیدر خان نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں تحائف پیش کئے۔کنسلٹنٹ ڈاکٹر رانا عمر نے گورنر پنجاب کو گردوں کے امراض پر تفصیلی بریفنگ دی۔
گورنر پنجاب نے رینل کیئر فاونڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے،میں عوامی سطح کا بندہ ہوں مجھے آج یہاں آکر بڑی خوشی ہوئی، گردوں کی بیماری کی حوالے سے پاکستان دنیا کے پہلے4 ممالک میں شامل ہے،ڈائیلسز کے حوالے سے ہمارے لوگ بہت مشکل میں ہیں،پنجاب کے دور دراز اضلاع میں ایسی سہولیات نہیں ہیں، لوگ ڈائیلسز نہ ہونے کی وجہ سے وفات پا جاتے ہیں،ڈائیلسز کی فراہمی بہت عظیم کام ہے جس پر میں اس ادارے کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے فاونڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ادارے گردے کی بیماریوں کے بڑھتے ہوئے بوجھ سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،رینل کیئر فاونڈیشن ہمدردی اور صحت عامہ کے لیے عزم کی ایک شاندار مثال ہے۔یہ مفت علاج فراہم کر کے بے شمار افراد اور خاندانوں کی تکالیف کم کرے گی۔ چیئرمین رینل کیئر فاونڈیشن ڈاکٹرقیصر رفیق نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایک کروڑ50 لاکھ سے زائد لوگ گردوں کے مختلف امراض کا شکار ہیں۔رینل کیئر فاونڈیشن جدید سہولیات سے لیس ہسپتال ہے اور ماہر طبی عملہ ہمہ وقت معیاری طبی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
علاج کے ساتھ ساتھ فاونڈیشن کمیونٹی آئوٹ ریچ اور تعلیمی پروگراموں کے ذریعے گردوں کی صحت اور حفاظتی تدابیر کے بارے میں آگاہی پھیلانے کا عزم رکھتی ہے۔جس میں پاکستان میں گردے سے متعلق مسائل کے بڑھتے ہوئے پھیلائو اور قابل رسائی علاج کے اختیارات کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے رینل کیئر فاونڈیشن کے کردار کو بھی اجاگر کیا،جو ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی جدید سہولتوں اور مریضوں کے لیے خصوصی دیکھ بھال فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت رینل کیئر فاونڈیشن کے تین سینٹرز گجرانوالہ،فیصل آباد اور لاہور میں کام کر رہے ہیں جہاں سینکڑوں مریض مفت معیاری علاج کی سہولیات سے استفادہ حاصل کر رہے ہیں۔عنقریب فتح جنگ میں رینل کیئر فاونڈیشن کا چوتھا سینٹر قائم کیا جائے گا ۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین رینل کیئر فاونڈیشن ڈاکٹرقیصر رفیق نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو یادگاری شیلڈ بھی دی۔