گورنر پنجاب نے شہزاد علی ملک کو صوبائی سیڈ کمیٹی کی چاول کیلئے ذیلی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کر دیا

377
پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کو سٹیک ہولڈر کے طور پراین ایس ڈی آر اے میں شامل کیا جائے، شہزاد علی ملک

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمان نے پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن (پی ایچ ایچ ایس اے) کے چیئرمین شہزاد علی ملک، ستارہ امتیاز، کو صوبائی سیڈ کمیٹی کی چاول کیلئے ذیلی کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا ہے اور انہیں ملک میں چاول کی پیداوار بڑھانے کی طویل مدتی حکمت عملی تیار کرنے کیلئے قابل عمل اور نتائج پر مبنی تجاویز پیش کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔

شہزاد علی ملک نے پرائیویٹ سیکٹر میں نئے ہائی ٹیک ہائبرڈ چاول کے بیج تیار کرنے کے لیے یہ ٹاسک تفویض کرنے پر گورنر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ یاد رہے کہ شہزاد علی ملک کو چاول کا پہلا ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج تیار کرنے اور چاول کے شعبے میں ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے سول ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

گارڈ ایگریکلچرل ریسرچ اینڈ سروسز ملک کا پہلا ادارہ تھا جو 1999 میں ہائی ٹیک ایگریکلچر چینی کمپنی ”یوآن لانگ پنگ“ کے ساتھ تعاون کے معاہدے کے ذریعے ہائبرڈ رائس ٹیکنالوجی چین سے پاکستان میں لے کر آیا تھا۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ چینی ٹیکنالوجی پاکستانی کسانوں کو برآمدات میں اضافہ کے لیے زیادہ پیداوار کی حامل اور بیماریوں کےخلاف مزاحم چاول کی نئی اقسام کاشت کرنے میں مدد دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ چینی کاروباری اور تحقیقی اداروں نے بیجوں کی نئی اقسام تیار کیں اور کسانوں کی مدد کے لیے بہترین کاشت کی نئی ٹیکنالوجی متعارف کروائی جس سے پاکستان میں چاول کی پیداوار میں اضافہ ہوا اور یہ چاول چین کو برآمد کیا گیا۔ شہزاد علی ملک، جو رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے بانی چیئرمین بھی ہیں، نے کہا کہ دونوں ممالک کےدرمیان زرعی شعبے میں قریبی تعاون فروغ پا رہا ہے جس کے، خاص طور پر، چاول کی زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کی تیاری میں مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن پرائیویٹ سیکٹر میں واحد ادارہ ہے جو پاکستان میں ہائی ٹیک ہائبرڈ بیج کی تیاری میں انتہائی جدید تحقیق کر رہا ہے جس کا مقصد زرعی پیداوار کو بڑھانے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے میں حکومت کی مدد کرنا ہے۔