لاہور۔4مارچ (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پاکستانی بچوں کے تحفظ کیلئے’’محفوظ ہمارے بچے ‘‘کے نام سے مہم کا افتتاح کر دیا۔مہم کی انچارج ایڈوائزر ٹو گور نر پنجاب عنازہ احسان ہوں گی ، مہم کے تحت سکولوں سے باہر رہنے والے بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے اور ان کے تحفظ سمیت دیگر اقدامات کو بھی یقینی بنایاجائے گا ۔تفصیلات کے مطابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے گور نر ہائوس لاہور میں ایڈوائزر ٹو گور نر پنجاب عنازہ احسان کی زیر نگرانی شروع ہونیوالی مہم ’’محفوظ ہمارے بچے ‘‘ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔
اس موقع پر عنازہ احسان،یونیسیف کے نمائندہ مسٹر ولبورڈ ،مسز ماہین رشید ،بیر سٹر فاطمہ شاہین ،سعید الحسن ،سماجی کارکن جہاں آرا وٹو،ڈاکٹر محمد زمان اورآمنہ وٹو سمیت دیگر بھی شر یک ہوئے ۔ تقریب میں نامور گلوکارہ راحت بانو نے ملی نغمہ بھی گایا ۔تقر یب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بچوں کے تحفظ کے لیے مہم شروع کر نے پر عنازہ احسان اور ان کی ٹیم کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ بچے کسی بھی ملک کا مستقبل ہوتے ہیں ،ان کے تحفظ کے لئے کام کر نیوالے ہمارے ہیروز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی دیگر ترجیحات کے ساتھ تشدد سے پاک معاشرے کی تشکیل اور بچوں سے بدسلوکی کا خاتمہ بھی اولین ترجیح ہے کیونکہ پاکستان کا مستقبل ہمارے بچوں کے ساتھ جڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنے عہد کی توثیق کرتا ہوں تاکہ وہ معاشرے اور ریاست کے لئے تعمیری رکن اور اچھے شہری بن سکیں۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا سب سے قیمتی سرمایہ اور اس کے مستقبل کی ضمانت ہوتے ہیں، حکومت پاکستان اپنے بچوں کے بارے میں اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے اور اقوام متحدہ کے کنونشن کے تحت بچوں کی ترقی، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال، ان کے وقار اور سلامتی کے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کے تحفظ سے متعلق حکومت قومی کمیشن قائم کر چکی ہے جو ان کے حقوق کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور بھی بچوں کی صحت مند غذا، کھیل کے لئے دوستانہ ماحول، تعلیم کی فراہمی اور معذور بچوں کے لئے باہمی روابط کو فروغ دینے کی فراہمی کو جیسے مواقع فراہم کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تمام بچوں کے لئے صحت کی دیکھ بھال، تعلیم کے طریقہ کار میں تبدیلی اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو ابھارنے جیسے پروگرام شروع کئے ہیں۔
ایڈوائزر ٹو گور نر پنجاب عنازہ احسان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت نے بچوں کے ساتھ جنسی جرائم کی روک تھام اور مجرموں کو نشانہ عبرت بنانے کیلئے قانون سازی سمیت جو اقدامات کیے ہیں وہ ہر لحاظ سے قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں بھی حکومتی مشن کے تحت ہی مخیر حضرات کے تعاون سے ہی ”محفوظ ہمارے بچے ”مہم شروع کر رہی ہوں جس کے تحت ہم پورے پنجاب اور ملک کے دیگر حصوں میں جائیں گے اور بچوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کر یں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو سکولوں میں داخل کروایا جائے ۔