لاہور۔12اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان اور لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر کے درمیان ایرانی قونصلیٹ میں ملاقات ہوئی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور سمیت دونوں ممالک کے درمیان مکئی، گوشت، گندم اور دیگر زرعی اجناس کی برآمدات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پاک ایران کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے بالخصوص تجارت ،سیاحت، ثقافت اور تعلیم کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی بالخصوص چیمبرز کی کانفرنسز ہونی چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ تجارتی مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بارڈر پر بنے سلاٹر ہائوسز سے ایران کو گوشت ترسیل کرنے سے پاکستانی معیشت پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے، گوشت کی پیدوار بڑھانے کے لئے موثر اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جانور پالنے والوں کو بھی منافع بخش فائدہ پہنچ سکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی بہتر پالیسیوں کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے پر اعتماد بحال ہوا ہے، موجودہ حکومت کی غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار اور پرامن ماحول فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے کامیاب وزارت خارجہ کے دوروں کے ثمرات اب ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ایرانی قونصل جنرل مہران موحد فر نے کہا کہ ایران پاکستان سے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے گوشت درآمد کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے ایران فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=581129