ملتان ۔13اکتوبر (اے پی پی):جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے نئے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جن میں سر فہرست صحت، تعلیم،صاف پانی کی فراہمی اور مفاد عامہ کے پراجیکٹ شامل ہیں۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جنوبی پنجاب کے نامور صنعت کار وسابق صدر چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان اور صدر چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈیرہ غازی خان سے گورنر ہاوس میں ملاقات کے دوران مزید کہا کہ ہم بہت جلد مخیر حضرات کے ساتھ مل کر ڈیرہ غازی خان میں قرضہ حسنہ سکیم کے تحت بےروزگاری میں کمی کے لیے کام کریں گے ،اس کے علاوہ مزید تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے تجاویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ خواجہ جلال الدین رومی نے ملتان میںمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گورنرپنجاب سے ملاقات کے موقع پرکہاکہ ہم گزشتہ کئی برسوں سے جنوبی پنجاب میں تعلیم، صحت اورعام آدمی کی زندگی کو بہتر کرنے کے لیے کئی منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، جس پر گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس وقت جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں میں زرعی ریسرچ سنیٹرز کو فعال کرنے کی ضرورت ہے جس کے بعد علاقے میں ایک طرف زراعت میں بہتری آئے گی تو دوسری جانب علاقے میں بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔ گورنر پنجاب نے خواجہ جلال الدین رومی کو ڈیرہ غازی خان چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ جلد ہی ڈیرہ غازی خان کا دورہ کریں گے تاکہ علاقے کے مسائل کا جائزہ لے سکیں۔