لاہور۔ 30 مارچ (اے پی پی)ایل پی جی ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام گورنر ہائوس میں چوتھی انٹرنیشنل انرجی اور ایل پی جی کانفرنس کاانعقاد کیا گیا’ کانفرنس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور’ صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک’ وائس پریذیڈنٹ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری مختار احمد’چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری عرفان کھوکھر’ارسلان کھوکھر ایسوسی ایٹ سیکرٹری ایل پی جی انڈسٹری’ تاجر تنظیموں اور غیر ملکی وفود کی بڑی تعداد نے شرکت کی’ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ایل پی جی کانفرنس کروانے پر ایسوسی ایشن کو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ اس طرح کی کانفرنسز سے ہمیں ان کے مسائل سمجھنے میں مدد ملتی ہے’ ایل پی جی غریب عوام کا ایندھن اور ضروریات پورا کرنے کا واحد ذریعہ ہے’ اس لئے ہماری حکومت نے ایل پی جی پر ٹیکسز کم کرکے اور سسٹم میں مزید ایل پی جی شامل کرکے شارٹ فال کو کم کرنے کی کوشش کی ہے’ انہوں نے کہا کہ ناقص سلنڈر بنانے والوں کیخلاف کارروائی مستقبل میں بھی جاری رہے گی’ انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی’ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ تاجر برادری کسی بھی ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ہر کام میں سب سے آگے ہوتی ہے’ یہ وہ لوگ ہیں جو کاروبار کے ذریعے سرمایہ بناتے ہیں اور نوکریاں پیدا کرتے ہیں اس لئے کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے ہماری حکومت تاجر برادری سے مشاورت کرتی ہے’ گورنر پنجاب نے کہا کہ میں خود بھی تاجر برادری سے تعلق رکھتا ہوں’ دنیا بھر میں تاجر برادری کو انڈسٹری لگانے کیلئے ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات مہیا ہوتی ہیں لیکن پاکستان میں صنعت لگانا ایک مشکل کام ہے’ پہلے بھی تاجر برادری کے مسائل حل کرنے کیلئے بہت کچھ کیا’ اب بھی کوشش ہے کہ تاجر برادری کو عزت دیں’ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے عہدیداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوںکہ وہ ملک کی خاطر انڈسٹری کو درپیش مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے اپنا قیمتی وقت نکالتے ہیں۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ گورنر پنجاب کے پوری دنیا میں صنعت کاروں اورحکمرانوں سے اچھے تعلقات ہیں’ سابقہ حکمران ایسٹ انڈیا کمپنی کے ماننے والے تھے جنہوں نے پاکستان کو بے دردی سے لوٹا تاہم اب ایماندار قیادت پاکستان کو میسر آئی ہے’ ہماری حکومت سے پہلے ایل پی جی 300 روپے کلو بکتی رہی لیکن اب قیمتیںدیکھ لیں’ حکومت نے قیمتوں کو اچھے طریقے سے کنٹرول کیا’ وریر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ہم پاکستان کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتے ہیں’یہ کریڈٹ بھی موجودہ حکومت کو جاتا ہے کہ حالیہ فنانس بل میں کافی حد تک ٹیکسز کو ختم کیا جس کا اثر براہ راست تاجر برادری اور عوام تک پہنچا۔’ تقریب کے اختتام پر چیئرمین ایل پی جی انڈسٹری عرفان کھوکھر نے وزیر اعظم عمران خان ‘گورنر پنجاب اور موجودہ حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ذاتی دلچسپی لے کر ایسوسی اسیشن کے مسائل کو حل کرنے میں کر دار ادا کیا۔بعد ازاں ارسلان کھوکھر نے 10نکاتی قرارداد بھی پیش کی۔