راولپنڈی۔18مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے حال ہی میں جامِ شہادت نوش کرنے والے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر کا دورہ کیا ،شہید کے والد اور دیگر اہلِ خانہ سے ملاقات کی،انہوں نے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کیا اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔
اس موقع پر سردار سلیم حیدر نے وطن کے دفاع کے لیے شہید کی بے مثال قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے ان سپوتوں پر فخر کرتی ہے جنہوں نے مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید عثمان یوسف کے خاندان کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور صبر عطا فرمائے۔ شہادت ایک عظیم مرتبہ ہے اور شہید کی موت درحقیقت قوم کی حیات ہے۔
ہمارا ایمان ہے کہ موت برحق ہے لیکن ایسی باعزت موت نصیب سے ملتی ہے۔ سردار سلیم حیدر نے مزید کہا کہ شہید عثمان یوسف کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور پوری قوم ان کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598514