گورنر پنجاب کا وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کے بڑے بھائی رانا افضال حسین کے انتقال پر اظہار تعزیت

223
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر

لاہور۔1ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کے بڑے بھائی اور ایم این اے رانا احمد عتیق انور کے والد ممبر صوبائی اسمبلی رانا افضال حسین کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک، علی پرویز ملک ،سردار عرفان ڈوگر،محسن شاہنواز رانجھا، پیر اشرف رسول ، پیپلز پارٹی کے رہنما حاجی عزیز الرحمن چن، علامہ یوسف اعوان ودیگر موجود تھے۔

اتوار کے روز مرید کے نارووال روڈ پر واقع فارم ہاوس پرگورنر پنجاب نے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین، رکن قومی اسمبلی رانا احمد عتیق انور اور ان کے خاندان کے دیگر افراد سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگوار خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے رانا افضال حسین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی اپنے حلقے کی عوام کیلئے پیش کی جانے والی سیاسی و سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،

وہ ایک شریف النفس انسان تھے، وہ اپنے حلقے کے علاقائی مسائل کو حل کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے تھے، انہوں نے پارٹی کو مضبوط کرنے کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ۔گورنر پنجاب نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور غمزدہ خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو بڑے حوصلے اور ہمت سے برداشت کرنے کی توفیق دے، انہوں نے مرحوم کی بلندی درجات کیلئے بھی دعا کی ۔