لاہور۔14ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی سینیٹ کا 40واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن اور رجسٹرار محمد آصف سمیت یو ای ٹی سینیٹ کے ممبران، فیکلٹیز کے ڈینز، مختلف شعبہ جات کے چیئرپرسنز اور پی آر او شریک ہوئے۔
اجلاس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حبیب الرحمن نے طلبا، فیکلٹی ممبران، سٹاف اور یونیورسٹی کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی۔اجلاس میں سینڈیکیٹ کی طرف سے توثیق شدہ مالی سال 24-2023 کے لیے بجٹ منظور کر لیا گیا ۔ ٹریثرر عمران بابر نے بجٹ پیش کیا ۔یو ای ٹی سینیٹ اجلاس میں انڈسٹری اکیڈیمیہ تعلقات سمیت یونیورسٹی کے دیگر معاملات بھی زیر بحث آئے ۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو ای ٹی ملک کا مایہ ناز تعلیمی ادارہ ہے اور یہاں کے فارغ التحصیل طلبہ مختلف شعبوں میں ملکی اور غیر ملکی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اکیڈیمہ اور انڈسٹریز کے مابین روابط کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔
گورنر پنجاب نے اجلاس میں سینیٹ ممبران کی جانب سے جو تجاویز اور مسائل بتائے گئے انکے حل کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور کو جامعہ کی ذرائع آمدن بڑھانے کی تجاویز پیش کرنے کیلئے فوری کمیٹی تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=390635