گلگت۔7مارچ (اے پی پی):گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کو کمشنر بلتستان کمال خان نے بلتستان ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال اور بجلی کے مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی۔بریفنگ میں کمشنر بلتستان نے بجلی کی پیداوار، طلب اور تقسیم کے طریقہ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اس وقت سکردو شہر کے لیے 18 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، جبکہ کل پیداواری صلاحیت 40 میگاواٹ ہے۔ تاہم، موسم بہتر ہونے کے ساتھ بجلی کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔ اس دوران بلتستان میں امن و امان، خاص طور پر زمینوں کے تنازعات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔کمشنر بلتستان نے لینڈ ریفارمز کے حوالے سے مقامی اسٹیک ہولڈرز اور حکومتی مسودے پر پیش رفت سے آگاہ کیا، جبکہ مختلف محکموں کے سربراہان نے بھی اپنی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
اس موقع پر گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے ہدایت دی کہ بجلی کی تقسیم منصفانہ بنائی جائے اور خصوصی لائنوں کا مکمل خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے تجارتی مراکز کو لوڈشیڈنگ کے طے شدہ شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کرنے کی تاکید کی تاکہ چھوٹے صنعت کاروں کو مشکلات کا سامنا نہ ہو۔گورنر نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید سخت اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔ اس کے ساتھ ہی واپڈا حکام کو فیز فور منصوبے پر تیزی سے کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔سید مہدی شاہ نے سولر انرجی منصوبے کے لیے جلد زمین مختص کرنے کا حکم دیا، جبکہ شغر تھنگ اور ہرپوہ پاور پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے اور متاثرین کو معاوضوں کی جلد ادائیگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570153