پشاور۔ 04 جولائی (اے پی پی):گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی میزبانی میں جمعہ کے روز گورنر ہاوس پشاور میں محرم الحرام کی مناسبت سے ”حسین سب کا” کے عنوان سے خصوصی کانفرنس منعقد ہوئی،کانفرنس میں معروف مذہبی شخصیت سید اسامہ اجمل قاسمی، چیف خطیب خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی،جمعیت اہلحدیث خیبرپختونخوا کے صدر فضل الرحمان مدنی، علامہ عابد حسین شاکری ممبر متحدہ علماء بورڈ، معروف عالمی مبلغ مولانا عمران بشیر، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر علامہ وسیم اظہر ترابی، مولانا عبدالبصیر مدنی، مولانا مفتی مفتی عتیق اللہ، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا اقبال شاہ حیدری اور جمعیت علمائے اسلام (س) کے مولانا ارشد قریشی سمیت تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء اور مذہبی و سیاسی راہنماؤں نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کانفرنس میں شریک علماء ومشائخ کا خیرمقدم کیا اور کانفرنس کی اہمیت وافادیت پر روشنی ڈالی۔ گورنرنے کہاکہ یہ کانفرنس اس امر کی روشن دلیل ہے کہ ہم تمام اختلافات کو پس پشت ڈال کر بھائی چارے، رواداری اور اتحاد کی طرف بڑھ رہے ہیں، جو دراصل امام حسینؑ کا پیغام اور ہمارے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؑ کی قربانی پوری انسانیت کے لیے ایک مثال ہے۔ کربلا کا فلسفہ ہمیں سکھاتا ہے کہ ظلم کے سامنے سر نہیں جھکایا جا سکتا اور حق و باطل کے درمیان تمیز کرنی چاہیے۔ گورنر نے کہا کہ امام حسین رضی اللہ عنہ صرف ایک مسلک یا قوم کے امام نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ اور انسانیت کے امام ہیں۔ گورنرنے کہاکہ امت مسلمہ مظالم کا شکار ہے ہندوستان نے پاکستان پر جارحیت کی جسے افواج پاکستان اور عوام پاکستان نے ناکام بنایا، کم وسائل کے باوجود ایمان کی پختگی کی بنیاد پر دشمن کو شکست دی، پھر اسرائیل نے ایران پر حملہ کیا ایران کے عوام نے جذبہ ایمانی سے اسرائیل کو منہ توڑ جواب دیا، امت مسلمہ کا اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہماری فوج امت مسلمہ کی فوج ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جو ایٹمی پروگرام دیا آج وہی امت مسلمہ کا محافظ ہے، علماء کے تعاون سے گورنر ہاؤس میں امن کے فروغ بین المسالک ہم آہنگی کے لیئے ایسی تقریبات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے تمام مذہبی و سماجی طبقات، میڈیا اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے دوران صبر، برداشت، اتحاد اور امن و امان کو یقینی بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
مقررین نے کانفرنس کے انعقاد پر گورنر خیبرپختونخوا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ گورنر خیبرپختونخوا کی جانب سے پورے ملک میں آج جو پیغام دیا جارہا ہے وہ مستقبل میں دور رس نتائج کا حامل ہوگا، انہوں نے کہا کہ بنیان المرصوص میں فیلڈ مارشل نے پوری قوم کو جوڑ دیا ہے جس پر ہم فیلڈ مارشل کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،انہوں نے کہا کہ بین المسالک ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے کربلا کا واقعہ ہمیں یگانگت، برداشت اور اسلامی احکامات پر پابندی کا درس دیتا ہے۔