گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن لاہور میں دو روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد

88

لاہور۔1فروری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسی رضا کی ہدایت پر گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول ریٹی گن میں دو روزہ تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ مدثر نواز نے تربیتی سیشن میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تربیتی سیشن میں سول ڈیفنس آفیسر عرفان علی و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ترجمان کے مطابق ماڈل سکول ریٹی گن سکول میں دو روزہ(30 ،31 جنوری) کو ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ تربیتی سیشن میں طالبعلموں کو ہنگامی حالات میں نبرد آزما ہونے کیلئے، وارڈن سروس، فرسٹ ایڈ، فائر فائٹنگ اور ریسکیو کی عملی تربیت دی گئی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ اور سول ڈیفنس آفیسر نے بچوں کی خداداد صلاحیتوں کو سراہا اور بچوں کو ہمت و حوصلے سے کام لینے کی ہدایت کی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نے کہا کہ آئیں ہم سب ملکر محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں اور سول ڈیفنس کا رضا کار بنیں اور اپنے گھر اور ادارے کو محفوظ کرنے کیلئے سول ڈیفنس ٹریننگ حاصل کریں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ نے سول ڈیفنس اہلکاروں کی گرانقدر خدمات کو بھی سراہا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ سول ڈیفنس اہلکار کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں۔