گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار پشاور میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی یوم ولادت کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام

245
Birthday

پشاور۔ 08 نومبر (اے پی پی):گورنمنٹ سٹی گرلز کالج گلبہار پشاور میں شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی یوم ولادت کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ کالج پرنسپل کی ہدایت پر اردو ادبی سوسائٹی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ تقریب میں کالج اساتذہ اور طالبات نے کثیرتعداد میں شرکت کی ۔قومی شاعر علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے طالبات کے مابین ’’اقبال کی انقلابی شاعری‘‘کے عنوان سے تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا گیا ۔

تقریری مقابلہ بی ایس اور انٹر کالج کی طالبات کے درمیان تھا ، طالبات نے بڑے مدلل انداز میں ملت اسلامیہ کے لیے علامہ اقبال کی شاندار خدمات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا، علامہ اقبال کی شہرہ آفاق نظموں پر طالبات نے پرفارم کیا ۔ تقریب کے اختتام پر پرنسپل گورنمنٹ سٹی گرلز کالج رابعہ سکندر نے علامہ اقبال کی سیرت اور کردار پر روشنی ڈالی اور طالبات کو اپنی زندگی علامہ اقبال کے عظیم تصورات خودی اور شاہین کے مطابق گزارنے کی تلقین کی ۔ پرنسپل نے اردو ادبی سوسائٹی کی کامیاب تقریب کے انعقاد کو سراہتے ہوئے تقریری مقابلوں میں پہلی دوسری اورتیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔