گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں سمارٹ کلاس روم کا افتتاح

176

سیالکوٹ۔11جولائی (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں مینجنگ ڈائریکٹر ہایئر ایجوکیشن کمیشننور آمنہ ملک اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر نے سمارٹ کلاس روم اور شعبہ فائن آرٹس کی فائنل ڈگری نمائش کا افتتاح کر دیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئےنور آمنہ ملک نے کہا کہ سمارٹ کلاس روم ہایئر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان کے تعاون سے آئی سی ٹی ویژن 2025 پروگرام کا حصہ ہے، جدید ٹیکنالوجی اور انٹرایکٹو ٹولز سے لیس اس سمارٹ کلاس روم کا مقصد آن لائن تعلیم کے ذریعے طالب علم اور اساتذہ کے درمیان روابط کو بڑھانا ہے ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثرنے کہا کہ یونیورسٹی نے عصرحاضر کے تقاضوں کے مطابق جدید سہولیات سے مزین سمارٹ کلاس روم کا قیام عمل میں لا کر ڈیجیٹل دور کے ایک نئے باب کا آغاز کیا ہے، جس سے نہ صرف طلبابلکہ اساتذہ کو بھی سیکھنے کے بہترین مواقع فراہم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہایئر ایجوکیشن کمیشن کے انتہائی ممنون ہیں جنہوں نے سمارٹ کلاس روم پراجیکٹ کے لئے ہماری یونیورسٹی کو منتخب کیا ۔یونیورسٹی میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہایئر لیب اور ای روزگار جیسے پروگرام پہلے ہی موجود ہیں ۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی ہایئر ایجوکیشن کمیشن محمد فہد نے کہا کہ سمارٹ کلاس روم ای لرننگ، ورچوئل ڈیسک ٹاپس، انٹرایکٹو وائٹ بورڈز، کلاس روم کنٹرول سسٹم، لائیو ورچوئل کلاس رومز، انٹرایکٹو ڈسپلے اور ایک انٹرایکٹو کنٹرول سینٹر پر مشتمل ہے۔ سمارٹ کلاس روم کے افتتاح کے بعد مہمانوں نے شعبہ فائن آرٹس کے فائنل ڈگری شو کا بھی ا فتتاح کیا اور طالبات کے بنائے ہوئے تخلیقی فن پاروں اور ان کی فنکارانہ مہارتوں کو سراہا، ان کی حوصلہ افزائی کی۔